Iqbal Day

اُسوہ کالج اسلام آباد میں یومِ اقبالؒ کی پُروقار تقریب
ماہرِ اقبالیات جناب ڈاکٹر منوّر ہاشمی کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

گزشتہ روز اُسوہ کالج اسلام آباد کے امام علی ؑ آڈیٹوریم میں شاعرِ مشرق، حکیمُ الامت علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس کے مہمانِ خصوصی نامور شاعر و ادیب ، محقق و نقاد ، ماہرِ اقبالیات اور ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز، ناردرن یونیورسٹی نوشہرہ جناب ڈاکٹر منور ہاشمی تھے، تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کی سعادت جماعت دہم کے طالب علم عاقب حسین نے حاصل کی ، سالِ دوم کے طالب علم حسنین رضا میر نے اپنی خوبصورت آواز ‫میں علامہ اقبالؒ کے مشہور نعتیہ کلام‬
لوح بھی تُو قلم بھی تُو تیرا وجود الکتاب گُنبدِ آبگینہ رنگ تیرے محیط میں حباب
سے سماں باندھ دیا۔سالِ دوم کے طُلباء مزمل شگری،شجاعت حسین، عابد حسین،زاہد حسین،کمیل سروش اور جرار حسن نے
ہر لحظہ ہے مومن کی نئی شان نئی آن گُفتار میں ،کردار میں ،اللہ کی بُرہان
بہت ہی خوبصورت انداز میں نبھایا اور اس کے بعد سالِ اول کے مہدی علی خان مقپون نے اپنے مخصوص انداز میں کلامِ اقبالؒ
نگاہِ فقر میں شانِ سکندری کیا ہے خِراج کی جو گدا ہو وہ قیصری کیا ہے
پیش کیا، کالج کے پرنسپل جناب بریگیڈیئر غلام علی نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے علامہ اقبالؒ کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تاکید کی اور مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خصوصی خطاب کی دعوت دی۔ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر منور ہاشمی صاحب نے اپنی تقریر میں عظیم فلسفی شاعر کا خوبصورت انداز میں تعارف پیش کرتے ہوئے ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا، انہوں نے بتایا کہ “علامہ اقبالؒ نے شعر نہیں کہے بلکہ فیصلے لکھے ہیں “
اقبالؒ انقلابی شخصیت کے مالک ،مردِ مومن اور تہجد گزار انسان تھے، آپ نے پاکستان کا تصور پیش کیا، اقبال کا خواب سچ ثابت ہوا اور عظیم مملکت وجود میں آئی ۔اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم پاکستان کی حفاظت کریں اور اقبالؒ کے کلام کا گہرائی سے مطالعہ کرتے ہوئے ان کے پیغام کو عام کریں”۔ بعد ازاں علامہ اقبالؒ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے طُلباء اور مہمانِ خصوصی کے درمیان سوالات و جوابات کا معلوماتی دور خوبصورتی سے مکمل ہوا ، جناب پرنسپل نے مہمانِ خصوصی کو اُسوہ کالج کی اعزازی شیلڈ اور کتابوں کا خوبصورت تحفہ پیش کیا، تقریب کا اختتام جناب شبیر رجائی کے دُعائیہ کلمات سے ہوا۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے پرنسپل ، وائس پرنسپل اور اساتذہ کے ہمراہ اُسوہ لائبریری کا دورہ کیا جہاں پر علامہ محمد اقبالؒ اور جناب منوّر ہاشمی کی کتب نمایش کے لیے رکھی گئی تھیں ، آخر پر مہمانِ خصوصی نے لائبریری میں رکھی گئی یاداشت پر اپنے تاثرات قلمبند کیے اور لائبریری مہتمم محسن رضوی کے ذوق کو سراہا ، بعد ازاں پرنسپل، وائس پرنسپل اور اساتذہ نے نیک تمناؤں کے ساتھ مہمانِ خصوصی کو رُخصت کیا۔

                                                                                                                                    خصوصی رپورٹ : محمدسرورکھوسہ
                                                                                                                                   شُعبہ اُردو ، اُسوہ کالج، اسلام آباد

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

WC Captcha 40 − 30 =

X