Iqbal Day

اُسوہ کالج اسلام آباد میں یومِ اقبالؒ کی پُروقار تقریب
ماہرِ اقبالیات جناب ڈاکٹر منوّر ہاشمی کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

اُسوہ کالج اسلام آباد میں ” یومِ اقبال رح” کی پُروقار تقریب

شعبہ اُردو اُسوہ کالج اسلام آباد کے زیرِ اہتمام امام علی (ع) آڈیٹوریم میں شاعرِ مشرق، حکیمُ الامت علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی نامور شاعر و ادیب، محقق و نقاد جناب ڈاکٹر عابد سیال سربراہ شعبہ پاکستانی زبانیں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد تھے۔ نظامت کے فرائض جناب علی حسین زیدی اور کالج کے دو ہونہار طلباء سید عباس رضا اور محمد عمران انجام دے رہے تھے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کی سعادت جماعت نہم کے طالب علم محمد ماثل رمل نے حاصل کی۔ سالِ اول کے طالب علم کاچو محمد ثقلین نے اپنی خوبصورت آواز ‫میں علامہ اقبالؒ کے مشہور نعتیہ کلام
لوح بھی تُو قلم بھی تُو تیرا وجود الکتاب
گُنبدِ آبگینہ رنگ تیرے محیط میں حباب
پیش کیا۔
کلاس ہشتم کے طالب علم حسان مالک اور گیارہویں جماعت کے طالب علم کاچو مہدی علی خان نے خوبصورت انداز میں کلام اقبال پیش کیا۔۔۔۔
حامی حسین، سید علی اصغر زیدی ، کاشف ضمیر، محمد سجیل، منظر عباس اور عباد الرحمٰن نے ” خودی کا سرِ نہاں لا الہ الااللہ” کو نہایت احسن انداز میں نبھایا۔
تقریب کے دوران جماعت ہفتم تا دہم کے طلباء کے درمیان علامہ اقبال کے کلام کے مختلف مصرعوں اور موضوعات پر تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں طالبعلم فہد علی، حماد علی، ذیشان حیدر، زین اللّٰہ نور، عاصم بہادر، فیض بخش اور علی مہدی نے پرجوش اور ولولہ انگیز تقاریر کیں ۔
تقریب کے دوران حضرت علامہ اقبال رح کی شخصیت کے حوالے سے ہال میں موجود شرکاء سے سوال و جوابات کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
شعبہ اردو کے پروفیسر ہاتف علی نصیر نے علامہ اقبال کو منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا اور پروفیسر محمد سرور کھوسہ نے اقبال کی نظم ” والدہ مرحومہ کی یاد میں” خوبصورت انداز میں پیش کرتے ہوئے ہال میں ایک سماں باندھا اور طلبہ کو فکر انگیز پیغام پہنچایا۔ بعد ازاں انہوں نے مہمان خصوصی کا مختصر اور جامع تعارف کراتے ہوئے اظہارِ خیال کے لیے مدعو کیا۔
مہمانِ خصوصی جناب ڈاکٹر عابد سیال نے اقبال کے نظریۂ خودی، فکر اقبال کی روشنی میں نوجوانوں کی ذمہ داریاں اور افکار و نظریات اقبال کی مختلف جہات پر خوبصورت پیرائے میں روشنی ڈالی اور آخر پر علامہ اقبالؒ کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تاکید کی اور تقریب کے خوبصورت انعقاد پر کالج انتظامیہ اور شعبہ اُردو کی کاوش کو سراہا۔
تقریب کے آخر پر کالج کے پرنسپل جناب بریگیڈیئر غلام علی نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازا اور تقریب کے شرکاء کو پیغام دیا کہ اقبالؒ کے کلام کا گہرائی سے مطالعہ کرتے ہوئے ان کے پیغام کو سمجھیں اور عمل کریں.
تقریب کا اختتام قومی ترانہ سے ہوا اور بعد ازاں مہمان خصوصی نے کالج یاداشت پر اپنے تاثرات قلمبند کیے ، اس موقع پر کالج کی لائبریری میں لائبریرین جناب محسن عباس رضوی نے علامہ اقبال کی شخصیت اور کلام کے حوالے سے کتب کی بہترین نمائش کا اہتمام کیا۔

منجانب:
شُعبہ اُردو ، اُسوہ کالج، اسلام آباد

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

WC Captcha 53 − 52 =

X